بھٹکل:14/جنوری (ایس او نیوز) بھٹکل ہوناور ودھان سبھا حلقہ کے لئے ریاستی کانگریس حکومت نے ریاست میں سب سے زیادہ 109.25کروڑ روپئے منظور کرتے ہوئے بمپرتحفہ دیا ہے۔ دونوں تعلقہ جات کے عوام کو ندی ، نالے ، پار کرنے کے لئے جہاں جہاں تکالیف کا سامنا تھا ان سب پریشانیوں کو دور کرنے کا تہیہ کرنے والے رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے ترقیاتی کاموں کی ایک بڑی فہرست کو منظورکروا نے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ریاستی حکومت نے بھٹکل اور ہوناور تعلقہ جات میں 5نئے پل کی تعمیرکو منظوری دی ہے۔ہوناور کے ماوین کوروے پل کے لئے 40کروڑ روپئے، بلکورو گرام پنچایت حدود کے جلولی، اڈگونجی برج کی تعمیر کے لئے 40کروڑ روپئے ، گیرسوپا نگربستی کیری پُل کی تعمیر کے لئے 20کروڑ روپئے ، گیرسوپا ماوین ہولے برج کے لئے 5کروڑ روپئے کئے گئے ہیں۔
اسی طرح بھٹکل تعلقہ کے الویکوڑی شرالی میں پلّی بریج انہدام کے قریب پہنچ چکا تھا، جس پر ساحل آن لائن نے تحریری سمیت خصوصی وڈیو رپورٹ بھی پیش کی تھی اور اس بریج کی خستہ حالی کو من و عن بیان کیا تھا، عوام کی تکالیف کو دیکھتے ہوئے برج کی تعمیر کے لئے 4.25کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں۔ اس مرتبہ ریاستی حکومت نے خصوصی طورپر کے آر ڈی سی ایل (کرناٹکا سڑک ترقی بورڈ)کے تحت 1200کروڑ روپئے کے کاموں کو منظوری دی ہے، جس میں بھٹکل ودھا ن سبھا حلقہ کے لئے 109.25کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں اور بتایاجارہا ہے کہ پوری ریاست میں بھٹکل میں ہی سب سے زیادہ رقم منظور کی گئی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے بتایاکہ بھٹکل تعلقہ کے لئے 100کروڑ سے زائد لاگت والے مزید 7برج آئندہ تین مہینوں کے اندر منظور ہونگے ۔ جس میں منڈلی ، بیلنی ، ہوین گدے جالی ، سوڑی گدے بیلکے ،ہاڈولی بڑاباگ ، سنبھاوی الویکوڑی، اترکوپا پنچایت حدود کے گنڈل کٹے ، بھٹکل ہلندی کا برج شامل ہیں ۔ اس کے بعد تعلقہ میں صرف تینگنگنڈی کا الویکوڑی ، منکی کا بنسالے برج کاکام باقی رہ جاتاہےجس کے تعلق سے آئندہ دنوں میں اپنی کوشش جاری رکھتے ہوئے ا سکو بھی پورا کیا جائے گا۔
منڈلی سے اپسر کونڈا تک بس کی سہولت
ساحلِ سمندر الویکوڑی سے مرڈیشور تک سڑک کو ترقی دے کر بس کی آمد ورفت کے لئے سہولت مہیا کی گئی ہے۔ منڈلی ،بیلنی ، منکی بنسالے کے برج کی تعمیر اور بائیلور کے تودلی میں جوڑ راستہ کی تعمیر کو مکمل کرکے منڈلی سے اپسرکونڈا تک راست بس کی سہولت فراہم کرنے کا رکن اسمبلی نے عندیہ دیا۔
اسی طرح الویکوڑی سے مرڈیشور تک ساحل پر سڑک کو تعمیر کرتے ہوئے بس کی آمد و رفت کے لئے سہولت پیدا کی جائے گی ۔ منڈلی سے اپسرکونڈا تک راست بس کی سہولت مہیا کرنے کے متعلق بھی انہوں نے جانکاری دی ۔